Monday, May 25, 2026

مدرسہ کی تعلیم کے لیے عمر کی تحدید نہیں کرے گی یوگی حکومت: انصاری

(تر ہت نیوز ڈیسک)
اتر پردیش کے اقلیتی بہبود کے وزیر مملکت دانش آزاد انصاری نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مدارس میں داخلے کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد مقرر کرنے پر کوئی غور و فکر نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس میں داخلے کی عمر کی تحدید کے لئے حکومت کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

انصاری نے ہفتہ کے روز کہا کہ مدارس کی مختلف کلاسوں میں داخلے کے لیے طالب علم کی عمر کا تعین کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے گی، جس کی رپورٹ کی بنیاد پر عمر کے تعین کا فیصلہ کیا جائے گا۔ مدارس میں داخلہ کے لئے زیادہ سے زیادہ عمر طے کرنے کا کوئی خیال نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت بھی سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای سمیت مختلف تعلیمی کونسلوں کی طرز پر اتر پردیش کے مدارس میں داخلہ کے لیے کم از کم عمر کی حد مقرر کرے گی۔

انصاری نے کہا کہ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ لاپرواہی کی وجہ سے بچوں کے والدین یا سرپرستوں کو داخلہ دیر سے ملتا ہے اور حکومت اس رواج کو روکنے کی کوشش کررہی ہے۔

درحقیقت، اقلیتی بہبود کے وزیر دھرم پال سنگھ نے گزشتہ اتوار کو نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا تھا کہ حال ہی میں مدارس اور ہائی اسکولوں کے ہونہار طلباء کے درمیان تشجیعی انعامات اور ٹیبلٹس کی تقسیم کا ایک پروگرام منعقد ہوا تھا جس میں کئی بزرگ بھی ایوارڈ لینے آئے تھے، جو ٹھیک نہیں ہے. انہوں نے کہا تھا کہ حکومت اب بنیادی تعلیم کے خطوط پر مدارس میں داخلے کے لیے عمر کی حد مقرر کرے گی۔

ان کے اس بیان کے بعد طرح طرح کے چرچے ہو رہے ہیں۔ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ آیا حکومت مدارس میں داخلے کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد مقرر کرے گی۔

وزیر دھرم پال سنگھ کی اس تشویش کے پیش نظر کہ حکومت کو مدارس میں بڑی عمر کے طلباء کے داخلے کو روکنے کے لیے داخلے کے لیے عمر کی بالائی حد مقرر کرنی ہوگی، انصاری نے کہا، “حکومت کا ایسا کوئی نظریہ نہیں ہے۔” وزیر مملکت انصاری نے کہا کہ اقلیتی بہبود کے وزیر دھرم پال سنگھ کے حالیہ بیان کو غلط نہ لیا جائے۔ سنگھ کا مطلب صرف یہ تھا کہ مدارس میں پڑھنے والے بچوں کی تعلیم صحیح وقت پر شروع ہو اور صحیح وقت پر مکمل ہو۔

دریں اثنا، ریاست کے مدرسوں کے اساتذہ کی تنظیم ‘ٹیچرس ایسوسی ایشن مدارس عربیہ اتر پردیش’ کے جنرل سکریٹری دیوان صاحب زمان خان نے بتایا کہ ریاست کے مدارس میں پہلی اور دسویں جماعت میں داخلے کے لیے کم از کم عمر پہلے سے ہی طے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی جماعت میں داخلے کے لیے طالب علم کی کم از کم عمر پانچ سال اور دسویں جماعت میں داخلے کے لیے کم از کم عمر 14 سال پہلے سے ہی مقرر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ تعلیمی بورڈ کے ساتھ ساتھ کسی بھی تعلیمی کونسل میں زیادہ سے زیادہ عمر مقرر کرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ریاست میں 16461 مدارس ہیں جن میں سے 560 کو سرکاری گرانٹ ملتی ہے۔ ریاستی حکومت مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم پر بہت زور دے رہی ہے۔ اس کے لیے مختلف اسکیمیں چلائی جارہی ہیں۔

اتر پردیش کے سرکاری اسکولوں میں پہلی جماعت میں داخلے کے لیے کم از کم عمر چھ سال ہے۔ دسویں جماعت میں داخلے کے لیے کم از کم عمر 14 سال ہے۔

Related Articles

Stay Connected

7,268FansLike
10FollowersFollow

Latest Articles