Thursday, May 2, 2024

کیا نتیش کا کھیل بگاڑیں گے ان کے ایم ایل اے اور جیتن رام مانجھی، یاپھرآسانی سے فلور ٹیسٹ پاس کر لیں گے نتیش کمار؟

(عبدالمبین)

بہار کی سیاست میں بڑا ہنگامہ ہے، بہار میں 12 فروری کو فلور ٹیسٹ ہونے والا ہے۔ ایک طرف نتیش کمار اور ان کی نئی حلیف بی جے پی کسی بھی قیمت پر فلور ٹیسٹ پاس کرنا چاہتی ہے تو دوسری طرف تیجسوی اور لالو پرساد یادو نتیش کمار کی سیاسی چالوں کو ناکام بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

تیجسوی یادو نے اپنے تمام ایم ایل اے کو اپنی رہائش گاہ پر قید کر رکھا ہے تاکہ ان کا کوئی بھی ایم ایل اے کسی پارٹی کے زیر اثر نہ آ سکے۔ اور تیجسوی کے ساتھ کھڑا بایاں محاذ بھی مکمل طور پر تیجسوی کے حق میں ہے۔ کانگریس ایم ایل اے کے درمیان کسی قسم کی رسہ کشی کی کوئی خبر نہیں ہے۔ لیکن اس سب کے باوجود تیجسوی اکثریت کے نشان کو چھوتے ہوئے نظر نہیں آتے جب تک کہ جیتن رام مانجھی یا کوئی جے ڈی یو ایم ایل اے الگ ہو کر تیجسوی کے حق میں نہ آجائے۔

دوسری طرف، بی جے پی بھی اپنے ایم ایل ایز کو انتہائی احتیاط سے ہینڈل کر رہی ہے۔ لیکن ہفتہ کو وزیر شراون کمار کی رہائش گاہ پر منعقدہ جے ڈی یو لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں جے ڈی یو کے پانچ ایم ایل ایز کی غیر حاضری جے ڈی یو کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔

وہیں بائیں بازو کے دو لیڈروں کی جیتن رام مانجھی سے ملاقات بھی نتیش کمار کے لیے درد سر بن گئی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ اب تک جیتن رام مانجھی مکمل طور پر بی جے پی اور نتیش کمار کے ساتھ ہونے کی بات کر رہے ہیں۔ لیکن یہ سیاسی معاملہ ہے، یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ کون کس کے ساتھ اور کب جائے۔

بہار میں 12 فروری یعنی پیر کو فلور ٹیسٹ ہونے والا ہے جس میں نتیش کمار کو اپنی اکثریت ثابت کرنی ہے۔ اگر نتیش کی پارٹی میں کوئی پھوٹ نہیں ہے، تو ایسی صورت حال میں نتیش کمار کے لیے فلور ٹیسٹ پاس کرنا آسان ہو جائے گا۔ اگر نتیش کے ایم ایل اے ٹوٹ جاتے ہیں یا جیتن رام مانجھی انہیں دھوکہ دیتے ہیں، تو ایسی صورتحال میں نتیش کمار کے لیے فلور ٹیسٹ پاس کرنا بہت مشکل ہوگا۔

اب وقت ہی فیصلہ کرے گا کہ آیا نتیش اس امتحان میں کامیاب ہوتے ہیں یا تیجسوی یادو اپنی سیاسی صلاحیتوں کو ثابت کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی یہ دیکھنا بھی دلچسپ ہوگا کہ لالو پرساد یادو کا تجربہ ان کی پارٹی کے لیے کتنا کارآمد ہے۔

Related Articles

Stay Connected

7,268FansLike
10FollowersFollow

Latest Articles