Saturday, May 18, 2024

بہار پنچایتی انتخاب کو لے کر مثالی ضابطہ اخلاق نافذ، 11 مرحلے میں ہوگا انتخاب، ضابطہ اخلاق کے دوران بھی جاری رہے گا نل جل منصوبہ کا کام

(عبدالمبین)
ایک لمبے انتظار کے بعد آخر کار بہار پنچایتی انتخاب کی تاریخوں اور مراحل کا اعلان ہو گیا ہے۔ کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اس بار پنچایتی انتخاب 11 مرحلوں میں کرایا جائیگا۔ ہے مرحلہ کا نتیجہ بہتر گھنٹوں میں واضح کر دیا جائے گا۔ بہار انتخابی کمیشن کے مطابق 24 ستمبر کو پہلے مرحلے کا انتخاب ہوگا جبکہ آخری مرحلے کا انتخاب 12 دسمبر کو ہونا طے پایا ہے۔
بہار میں پنچایتی انتخابات کے دوران لاگو ماڈل ضابطہ اخلاق میں بھی نل جل منصوبہ کا کام جاری رہے گا۔ ضابطہ اخلاق کا اس منصوبے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ بہار کے پنچایتی راج کے وزیر سمراٹ چودھری نے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کے دوران نل جل کی اسکیم کے کام میں خلل نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد پنچایتوں میں جاری ترقیاتی کاموں کو روک دیا جائے گا۔ ضابطہ اخلاق کے دوران پنچایتوں میں سڑکوں ، گلیوں یا دیگر اسکیموں کے تحت ہونے والے کام روک دیئے جائیں گے۔
بہار میں 11 مرحلوں میں پنچایتی انتخابات کرائے جائیں گے اور اس بار ووٹوں کی گنتی پولنگ ختم ہونے کے 72 گھنٹوں کے اندر ہونی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ گنتی تمام مراحل کی ووٹنگ کے اختتام کے بعد کی جائے گی ، لیکن نتائج ووٹنگ کے اگلے دو دن کے اندر جاری کردیئے جائیں گے۔ ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق بہار کے 10 اضلاع کے 12 بلاکس میں پہلے مرحلے میں انتخابات ہوں گے۔ ان میں روہتاس ، کیمور ، گیا ، نوادا، اورنگ آباد، جہان آباد، اروال، منگر ، جموئی ، بنکا اضلاع شامل ہیں۔
دوسرے مرحلے میں 32 اضلاع کے 48 بلاکس میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ تیسرے مرحلے میں 33 اضلاع کے 50 بلاکس میں ووٹنگ کی جائے گی جبکہ چوتھے مرحلے میں 36 اضلاع میں 53 بلاک ، پانچویں مرحلے میں تمام 38 اضلاع میں 58 بلاکس میں انتخابات ہوں گے۔ چھٹے مرحلے میں 37 اضلاع کے 57 بلاکس میں پنچایتی انتخابات ہوں گے۔ ساتویں مرحلے میں 37 اضلاع میں 63 بلاکس میں انتخابات ہوں گے۔ آٹھویں مرحلے میں 36 اضلاع کے 55 بلاکس میں انتخابات ہوں گے۔ نویں مرحلے میں 33 اضلاع کے 53 بلاکوں میں انتخابات ہوں گے جبکہ 10 ویں مرحلے میں 34 اضلاع کے 53 بلاکوں میں ووٹنگ ہوگی اور 11 ویں مرحلے میں 20 اضلاع کے 38 بلاکس میں ووٹنگ ہوگی۔
بتادیں کہ بہار میں 24 ستمبر کو پہلے مرحلے کی پولنگ ہوگی۔ اس کے بعد 29 ستمبر ، 8 اکتوبر ، 20 اکتوبر ، 24 اکتوبر ، 3 نومبر ، 15 نومبر ، 24 نومبر ، 29 نومبر ، 8 دسمبر اور 12 دسمبر کو ووٹنگ ہوگی۔ بہار میں ہونے والے پنچایت انتخابات میں بھی پہلی بار ای وی ایم کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

Related Articles

Stay Connected

7,268FansLike
10FollowersFollow

Latest Articles