Friday, April 26, 2024

دو سیٹوں کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر جے ڈی یو نے مرکزی کابینہ میں شامل ہونے سے کیا انکار

(تر ہت نیوز ڈیسک)
بہار کے سیاسی گلیارے سے اس وقت کی سب سے بڑی خبر سامنے آرہی ہے۔ حال ہی میں جنتا دل یونائیٹڈ لیڈر آر سی پی سنگھ نے مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ آر سی پی سنگھ کی راجیہ سبھا میعاد ختم ہونے کے بعد جے ڈی یو کوٹے سے مرکزی کابینہ میں شامل واحد چہرے کی اننگز ختم ہوگئی۔ اس کے بعد یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ اب جے ڈی یو کی طرف سے کچھ لوگ نئے سرے سے مرکزی کابینہ میں داخل ہو سکتے ہیں۔ جدیو نے بڑی امید لگا رکھی تھی کہ اس بار مرکزی کابینہ میں اسے دو سیٹیں دی جائیں گی۔ لیکن بھاجپا کی طرف سے دو سیٹوں کے انکار کے بعد اب جنتا دل یونائیٹڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ اسے مرکزی کابینہ میں شامل نہیں ہونا ہے۔

دراصل جے ڈی یو کی طرف سے کم از کم ایک کابینہ سطح کے وزارتی عہدہ اور ایک اور وزیر مملکت کا مطالبہ کیا گیا تھا، لیکن بی جے پی نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا۔ اس کے بعد جنتا دل یونائیٹڈ کے سینئر لیڈر اور بہار کے وزیر تعلیم وجے کمار چودھری نے کہا ہے کہ ہم مرکزی کابینہ میں شامل نہیں ہونے والے ہیں۔ وجے کمار چودھری نے کہا ہے کہ جنتا دل یونائیٹڈ کو وہ عزت نہیں ملی جو اسے مرکزی کابینہ میں شامل کرنے کے لیے ملنی چاہیے تھی۔ اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم مرکزی کابینہ میں شامل نہیں ہوں گے۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی کے ساتھ بہار کا اتحاد برقرار رہے گا۔

Related Articles

Stay Connected

7,268FansLike
10FollowersFollow

Latest Articles