Friday, May 17, 2024

کینیڈا کے مولانا یونس کتھراڈا کا بیان:”غیر مسلم دشمن ہے” قابل مذمت، علمائے کرام کواس کی مذمت کرنی چاہئے

ڈاکٹر صغیر احمد (ایم بی بی ایس، ایم ڈی)
ان دنوں انٹرنیٹ، مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایک کینیڈین مولانا کی تقریر کافی سرخیوں میں ہے۔ مولانا کی تقریر مثبت انداز میں نہیں بلکہ منفی انداز میں سرخیاں بن رہی ہیں، جب کہ دنیا بھر کے امن پسند لوگ اس تقریر کو سن کر مولانا کے منفی جذبات اور اسلام کو بدنام کرنے کے لیے نازیبا تقریر کی شدید مذمت کر رہے ہیں۔
کینیڈا سے تعلق رکھنے والے شیخ یونس کتھردا نامی عالم نے تمام غیر مسلموں کو مسلمانوں کا دشمن قرار دیا ہے۔ امریکہ کے مڈل ایسٹ میڈیا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے حال ہی میں ٹوئٹر پر مولانا یونس کتھراڈا کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ غیر مسلم ہمارے دشمن ہیں، ہمارے بچوں کو سمجھنا چاہیے کہ ‘اللہ غیر مسلموں کو تباہ کرے’۔

کینیڈا کے امام شیخ یونس کترادہ کی تقریر سے اقتباس:
کتھراڈا نے ویڈیو میں کہا، ‘وہ (غیر مسلم) اسلام پر جھوٹے الزامات لگاتے ہیں کیونکہ وہ اللہ کے دشمن ہیں۔ اللہ کی توہین کرتے ہوئے وہ اللہ کے دشمن کیسے نہیں؟ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں اپنے بارے میں فرمایا ہے کہ نہ وہ پیدا ہوا اور نہ ہی پیدا کیا گیا۔ اس کی کوئی اولاد نہیں اور نہ ہی وہ کسی کی اولاد ہے۔ لیکن وہ (عیسائی) کیا کہتے ہیں؟ کہتے ہیں کہ اللہ کا بیٹا ہے۔ کیا اس سے اللہ کی بے عزتی نہیں ہوتی؟
مولانا یونس نے مزید کہتے ہیں کہ: “تمہارے خیال میں وہ تمہارے دوست ہیں؟ نہیں وہ اللہ کے دشمن ہیں۔ اور جب وہ یعنی غیر مسلم اللہ کے دشمن ہیں تو وہ تمہارے قریبی دوست کیسے ہوسکتے ہیں؟ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے بچے اس کو اچھی طرح سمجھیں۔ غیر مسلم اللہ کے دشمن ہیں تو تمہارے بھی دشمن ہیں۔ ان میں سے بعض اللہ کے وجود کو بھی نہیں مانتے۔ کیا آپ ایسے شخص کو اپنا قریبی دوست بنانا چاہتے ہیں؟’

کینیڈین امام مولانا یونس کے خطاب کی ویڈیو ٹوئٹر اور دیگر سوشل پلیٹ فارمز پر بھی موجود ہے۔

مولانا کی اس تقریر کی آپ جتنی بھی مذمت کریں کم ہے۔ کیونکہ ان کی تقریر امن پسند معاشرے کے لیے خطرناک ہے، اسلام کے نقطہ نظر سے بھی ان کی تقریر قابل مذمت ہے۔ اسلام کبھی بھی غیر مسلموں سے نفرت کا درس نہیں دیتا۔

مولانا نے اپنی تقریر میں تمام غیر مسلموں کو مسلمانوں کا دشمن قرار دیا ہے جبکہ اسلام کہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ دنیا کے تمام انسانوں کا خالق ہے۔ ایسے میں غور طلب بات یہ ہے کہ جس اللہ نے تمام مسلمان یا غیر مسلم پیدا کیے ہیں، پھر وہی اللہ مسلمانوں کو کیوں کہے گا کہ وہ غیر مسلموں کا دشمن ہو یا غیر مسلموں کو اپنا دشمن سمجھیں۔

کیا اللہ نے قرآن میں کہیں کہا ہے کہ غیر مسلم مسلمانوں کے دشمن ہیں، نہیں! ہرگز نہیں!
بلکہ قرآن نے سکھایا ہے کہ روئے زمین پر موجود تمام انسانوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت کا جذبہ ہونا چاہیے۔

یہ بھی واضح رہے کہ اللہ کے آخری نبی اور رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے زندگی بھر غیر مسلموں کا خیال رکھا، ان کی عزت و تکریم کی اور صحابہ کرام کو یہ بھی بتایا کہ تم پر اپنے غیر مسلم پڑوسیوں کے حقوق ہیں۔ جن کی تکمیل آپ پر لازم ہے۔

جب اللہ اور اس کے رسول نے غیر مسلموں کے ساتھ کسی قسم کی تفریق کا درس نہیں دیا تو پھر ایک معمولی مولوی کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ امت مسلمہ کے بچوں کو پڑھائے کہ غیر مسلم مسلمانوں کے دشمن ہیں۔

کینیڈا کے اس مولانا یونس کتھرادا کو سوچنا چاہیے کہ اسلام دوستی کا پیغام دیتا ہے، اسلام دلوں کے فاصلے مٹاتا ہے، اسلام محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ لیکن افسوس کہ مولانا نے اپنی بنیاد پرست سوچ کو اسلام کی تعلیمات کے برعکس دکھایا ہے۔ جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

آج پوری دنیا میں کچھ ایسے ہی مولوی ہیں جن کی ناقص سوچ کی وجہ سے مسلمان ذلت و رسوائی کا شکار ہو رہے ہیں۔

اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ مولانا یونس جن غیر مسلموں کو مسلمانوں کا دشمن قرار دے رہے ہیں وہ عیسائی مذہب کے لوگ ہیں اور اسلام میں کہا گیا ہے کہ مسلمان اہل کتاب یعنی یہودیوں اور عیسائیوں سے شادی کر سکتے ہیں۔ جب اللہ تعالیٰ یہود و نصاریٰ (جن کو مولانا نے نشانہ بنایا ہے) کو مسلمانوں کا دشمن سمجھتا تو پھر مسلمانوں کو ایسے لوگوں سے تعلقات رکھنے کی اجازت کیوں دے تا؟ بلکہ اسلامی نقطہ نظر سے یہود و نصاریٰ مسلمانوں کے دشمن نہیں، دوست ہیں۔

عالم اسلام کو چاہیے کہ وہ کھلے پلیٹ فارم سے ایسے مولاناوں کی تقریروں کی مذمت کریں اور انہیں ایسی بے ہودہ تقاریر سے روکنے کے لیے مناسب اقدامات کریں۔ تاکہ کوئی مولوی اسلام کی تعلیمات کی غلط تشریح کر کے تمام مسلمانوں کی تذلیل نہ کر سکے۔

واضح رہے کہ کینیڈا کے امام یونس کترادہ ماضی میں بھی اسلام کی آڑ میں متنازعہ بیانات دیتے رہے ہیں۔ کینیڈین مسلمانوں کو بالخصوص اس مولانا کے خلاف مناسب کارروائی کرنی چاہیے۔

Related Articles

Stay Connected

7,268FansLike
10FollowersFollow

Latest Articles