Sunday, October 20, 2024

نتیش کو صدر جمہوریہ بنانے کی حکمت عملی میں پرشانت کشور مصروف

(تر ہت نیوز ڈیسک)
نتیش کمار کو ملک کا اگلا صدر بنانے کی تگ ودو میں سیاست کے ماہر پرشانت کشور بڑے زور و شور سے مصروف ہیں۔ بہار کے وزیر اعلیٰ کو صدر جمہوریہ کے عہدے کا امیدوار بنانے اور اُنہیں کامیاب بنانے کے لئے پی کے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ موجودہ صدر رام ناتھ کووند کی میعاد جولائی میں ختم ہو رہی ہے۔ اور اسی درمیان نتیش کمار کی امیدواری کو لے کر سیاسی گلیاروں میں ہلچل کی خبر ہے۔ ان کے پرانے ساتھی پرشانت کشور نے نتیش کمار کو صدر بنانے کی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے۔ حال ہی میں پرشانت کشور نے دہلی میں نتیش سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کی مانیں تو پرشانت کشور نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کے دوران یہ تجویز ان کے سامنے رکھی کہ وہ صدر کے عہدے کے لیے اپنی امیدواری پر رضامند ہو جائیں۔ اس کی حمایت میں دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ چرچا ہے کہ پی کے نے اس مسئلہ پر تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر کے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے اور این سی پی لیڈر شرد پوار سے بات چیت کی ہے۔ اتنا ہی نہیں آنے والے دنوں میں پرشانت کشور تمل ناڈو کے وزیر اعلی اسٹالن، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا سے بھی اس معاملے پر اتفاق کرنے کی کوشش کریں گے۔

بتا دیں کہ حال ہی میں تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ اور پرشانت کشور نے حیدرآباد میں ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران صدارتی انتخاب کے حوالے سے بات چیت شروع ہوئی۔ کہا جا رہا ہے کہ اس بحث کے دوران پرشانت کشور نے بہار کے سی ایم نتیش کمار کو صدارتی امیدوار بنانے کا آئیڈیا دیا، جس پر کے سی آر نے اتفاق کیا۔

ذرائع کے حوالے سے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ دہلی میں نتیش کمار سے ملاقات سے قبل پرشانت کشور نے پٹنہ میں طویل عشائیہ میں بہار کے وزیر اعلیٰ سے صدارتی انتخاب کے بارے میں خفیہ طور پر بات چیت کی۔ پرشانت کشور نے باری باری بہار میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، مہاراشٹر میں شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، این سی پی سربراہ شرد پوار، تلنگانہ کے سی ایم کے سی آر کے علاوہ مغربی بنگال کی حکمراں ٹی ایم سی کے لیڈروں سے ملاقات کی ہے۔

Related Articles

Stay Connected

7,268FansLike
10FollowersFollow

Latest Articles