(ترہت نیوزڈیسک)
بہار قانون ساز کونسل کی 5 سیٹوں کے لیے ووٹنگ شام 4 بجے ختم ہو گئی۔ ووٹنگ جمعہ کی صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام 4 بجے تک جاری رہی، ووٹ ڈالنے کے بعد امیدواروں کی قسمت بیلٹ باکس میں سیل ہو جاتی ہے۔ 5 اپریل کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
بتا دیں کہ ایم ایل سی کی پا نچ سیٹوں کے لیے کل 48 امیدوار میدان میں ہیں اور اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ گیا، سارن اور کوسی علاقوں میں مختلف سیٹوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ اس الیکشن میں بھی بی جے پی اور عظیم اتحاد کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ 5 اپریل کو ووٹوں کی گنتی کے بعد کیا جائے گا۔
بہار الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ معلومات کے مطابق شام 4 بجے تک گیا گریجویٹ حلقہ کے لیے 41.25 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے، جب کہ سارن گریجویٹ حلقہ کے لیے 37.25 فیصد، گیا ٹیچرس حلقہ کے لیے 78.50 فیصد، سارن ٹیچرس حلقہ کے لیے 68.70 فیصد اور کوشی ٹیچرس حلقہ کے لئے 80.24 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ بعض مقامات پر ووٹنگ فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔