(ترہت نیوزڈیسک)
۲۰۲۴ کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے مقصد سے قائم اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد I.N.D.I.A. کی تیسری میٹنگ ممبئی میں ہونے والی ہے۔ ممبئی میں تیسرے مرحلے کی میٹنگ ۳۱؍ اگست اور یکم ستمبر کو ہوگی۔ اس کا باضابطہ اعلان شیو سینا نے کیا ہے۔
درحقیقت پٹنہ میں اپوزیشن جماعتوں کی پہلی میٹنگ کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے کی میٹنگ بنگلورو میں ہوئی۔ میٹنگ میں 26 اپوزیشن جماعتوں کے سرکردہ لیڈروں نے شرکت کی اور بی جے پی کے خلاف I.N.D.I.A اتحاد بنایا۔ اس وقت کانگریس صدر ملکا ارجن کھڑگے نے کہا تھا کہ ممبئی میں تیسرے مرحلے کی میٹنگ ہوگی اور اس میٹنگ میں یہ طے کیا جائے گا کہ اپوزیشن اتحاد I.N.D.I.A کا کوآرڈینیٹر کون ہوگا۔
مودی سرنام کیس میں سپریم کورٹ سے راہل گاندھی کو راحت ملنے کے بعد شیوسینا نے اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ شیوسینا (ادھو ٹھاکرے دھڑے) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا ہے کہ ہفتہ کو اپوزیشن جماعتوں کی آئندہ میٹنگ کی تیاری کے لیے ایک میٹنگ ہوئی جس میں شرد پوار، سپریا سولے، پرتھوی راج چوہان، نانا پٹولے، اشوک چوہان اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ شیو سینا 31 اگست اور یکم ستمبر کو ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کی تیسری میٹنگ کی میزبانی کرے گی۔
ممبئی میں ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی تیسری میٹنگ بہت اہم سمجھی جا رہی ہے کیونکہ اس میٹنگ میں اتحاد کے کوآرڈینیٹر کے نام کا فیصلہ ہونا ہے۔ بہار کے سیاسی حلقوں میں چرچا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو I.N.D.I.A. کا کوآرڈینیٹر بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ایک رابطہ کمیٹی بھی بنائی جانی ہے جس کے ارکان کے نام بھی اجلاس میں طے کیے جانے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں سیٹوں کے تال میل کو لے کر بھی ایک فریم ورک تیار کیا جا سکتا ہے۔