(تر ہت نیوز ڈیسک)
اب بہار میں مکھیوں پر آفت آنے والی ہے۔ مکھیا، پرمکھ سمیت تمام عہدیداروں کی جائیداد کی تفصیلات عام کرنی ہوگی۔ سہہ سطحی گرام پنچایت کے تمام عہدیدار 31 مارچ تک اپنے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی تفصیلات لازمی طور پر دیں گے۔ اس سلسلے میں محکمہ بہار نے تمام ضلع مجسٹریٹس اور ضلع پنچایت راج افسران کو ہدایات جاری کی ہیں۔
محکمہ پنچایتی راج بہار نے تمام ضلع مجسٹریٹوں اور ضلع پنچایت راج افسران کو ہدایات جاری کی ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ پنچایتوں کے عہدہ داروں میں مکھیا، نائب مکھیا، بلاک پرمکھ، نائب پرمکھ، ضلع پریشد کے صدر اور نائب صدر آتے ہیں۔ محکمہ کا ماننا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے لیے پنچایتوں کو بڑی رقم دستیاب کرائی جاتی ہے۔ پھر بھی کئی جگہوں سے یہ شکایات آتی ہیں کہ یہ رقم ذاتی فائدے کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ سرکاری ملازمین کی طرح پنچایتی راج نظام سے وابستہ نمائندے بھی اپنے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی تفصیلات کو عام کریں۔
جانکاری کے مطابق ان تمام کی جائیداد کا ڈیٹا ضلع کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے گا۔ اس کے لیے ضلع پنچایت راج افسر کو نوڈل افسر بنایا گیا ہے۔ نوڈل افسر 31 مارچ تک جائیداد کی تفصیلات نہ دینے والوں سے وضاحت طلب کرے گا۔ اس کے بعد بھی تفصیلات نہ دینے پر متعلقہ نمائندے کے خلاف کارروائی کے لیے ضلع کے ذریعے تجویز محکمہ کو بھیجی جائے گی۔