(ترہت نیوز ڈیسک)
اقتدار میں بیٹھے لیڈروں کو اپنی رعایا کی مسیحائی کے لیے کیا کرنا چاہیے یہ بہار کے نائب وزیر اعلی تجسوی یادو نے بخوبی سمجھایا ہے۔ تیجسوی یادو نے دکھایا ہے کہ حکومت میں بیٹھے لیڈروں کو کس طرح اپنی غریب رعایا کے دکھ درد بانٹنا چاہئے، انہیں کس طرح ان کا خیال رکھنا چاہئے اور ان کے اعتماد پر کیسے قائم رہنا چاہئے۔ واضح رہے کہ بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو منگل کی رات دیر گئے پٹنہ کی سڑکوں پر سردی سے کانپتے ہوئے سڑک کے کنارے سوئے ہوئے غریبوں کا حال جاننے نکلے۔ تیجسوی نے سڑک کنارے سوئے ہوئے غریبوں کو کمبل اوڑھایا، اور ان غریبوں کے لیے مفت عارضی پناہ گاہوں کا بھی انتظام کیا جو پناہ گاہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے سڑکوں پر سونے پر مجبور تھے۔
جب سے تیجسوی یادو حکومت میں آئے ہیں، وہ پوری طرح ایکشن میں ہیں۔ کبھی وہ معائنے کے لیے رات گئے ہسپتال پہنچتے ہیں تو کبھی ڈاکٹروں کی سرزنش کرتے نظر آتے ہیں۔ اب تیجسوی یادو نے جس طرح سڑکوں پر بھٹکتے غریبوں کی مدد کی ہے، بہار کے لوگوں میں ان کی مسیحا جیسی تصویر بننے لگی ہے۔ کیونکہ کسی بھی ریاست کی عوام کو حکومت میں بیٹھے اپنے لیڈروں سے بس اتنی ہی امید ہوتی ہے کہ کبھی دکھ اور افسوس کی حالت میں ان کے لیڈر خود ان کے سامنے آکر ان کا حال جان کر ان کے مسائل حل کریں۔
آج ایسا لگتا ہے کہ تیجسوی لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ تیجسوی جس طرح سے منگل کی دیر رات سڑک پر نکلے اور دیکھا کہ بہت سے غریب لوگ ہیں جو بغیر چھت اور بغیر کمبل کے سردی میں سو رہے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے فوری طور پر غریبوں میں کمبل تقسیم کیے اور ان کے رہنے کے لیے عارضی پناہ گاہ کا انتظام کیا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے اس کارنامے سے اپنے والد لالو یادو کے دور کی یاد تازہ کر دی ہے۔ تیجسوی نے غریبوں کے لیے کئی مقامات پر بیت الخلاء کا بھی انتظام کیا ہے۔ تیجسوی نے کہا کہ غریبوں کے لیے پینے کا پانی، تمام لوگوں کے لیے ضروری اشیاء رکھنے کے لیے الگ الگ بکسوں اور دیگر کئی انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہی نہیں، تیجسوی یادو نے ان غریبوں کو سی سی ٹی وی کیمرے کی نگرانی میں رکھا ہے تاکہ ان کے ساتھ کوئی نازیبا حرکت نہ ہو۔