(ترہت نیوز ڈیسک)
مولانا سید ولی رحمانی رحمہ اللہ نے بہار کے اقلیتی طلباء کے لئے مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی، اور اعلی تعلیم کے حصول کی خاطر جس مضبوط قوت ارادی اور نیک جذبے کے تحت (رحمانی 30) کی شروعات کی تھی بلاشبہ آج اُنکا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ بہار کے ہزاروں اقلیتی طلباء اس ادارہ سے فیض یاب ہو رہے ہیں۔ واضح رہے کہ رحمانی تھرٹی کا قیام ۲۰۰۸ میں سید ولی رحمانی رحمہ اللہ نے آئی آئی ٹی (IIT) میں اقلیتی طلبا کی راہ ہموار کرنے کے نیک مقصد کے تحت کی تھی۔ لیکن آج اس کا دائرہ وسیع تر ہو گیا ہے، یہ ادارہ آئی آئی ٹی، نیٹ اور مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی کا بہترین ذریعہ ثابت ہو رہا ہے۔
آج پورے بہار میں یہ ادارہ اپنی نوعیت اور طرز تعلیم کے لئے نہ صرف مشہور ہو چکا ہے بلکہ یہاں کے طلباء ہر سو کامیابی کا جھنڈا لہرا رہے ہیں۔
بہار کے مختلف اضلاع میں اس ادارہ کے لئے داخلہ امتحان کا سینٹر بنا ہوا ہے۔ مشرقی چمپارن میں بھی ہے۔ لیکن بڑی خوشی کی بات ہے کہ اس بار سال 2023-25 کے لیے ڈھاکہ (مشرقی چمپارن) میں واقع مدرسہ کریمہ میں بھی داخلہ امتحان سینٹر حامد ظفر کی کاوشوں سے عمل میں آیا ہے۔
واضح رہے کہ امسال رحمانی 30 کے انجنیئرنگ کے 57/ طلباء آئی آئی ٹی ایڈوانس میں کامیاب ہوئے اور جے ای ای مینس میں 173/ طلباء کامیاب ہوئے، جبکہ میڈیکل کے سوفیصد طلباء نییٹ (NEET) کے امتحان میں کامیاب ہوئے، اور %75.45 طلبہ 90 پرسنٹائل کے ساتھ کامیاب رہے، اورکامرس آئی۔سی۔اے۔آی کوئز میں 36/طلباء نے کامیابی حاصل کی اورسی اے فاؤنڈیشن میں 31 میں 23 (74 فیصد) اور سی ایس فاؤئنڈیشن میں 34 میں 31 جبکہ سی اے انٹرمیڈیٹ چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ میں 7 طلباء نے گروپ ون میں کامیابی حاصل کرکے رحمانی پروگرام آف ایکسیلنس کی تاریخ میں ایک نیا باب جوڑاِ ان کامیابیوں کا اجمالی جائزہ www.rahmanimission.org پر موجود ہے۔
اس ادارہ کے داخلہ امتحان کے لئے ایک اعلان شائع کیا گیا ہے جو اس ادارہ میں داخلہ کے خواہش مند طلباء کے لئے باعث مسرت ہے۔ تفصیل مندرج ذیل ہے:
رحمانی پروگرام آف ایکسیلنس (رحمانی 30) آئی آئی ٹی ۔جے ای ای ،(IIT-JEE) میڈیل، (NEET) سی اے، (CA) سی ایس، (CS)کلیٹ ،(CLAT) این ڈی اے، (NDA)کی تیاری کے لئے نئے سیشن (25-2023)کے لئے اعلامیہ جاری کردیاہے۔مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے رحمانی 30کا انٹرنس ٹیسٹ پرانے طرز پر حسب سہولت مختلف مراکز پر منعقد ہوگا۔ درخواست دهندگان کو امتحان کی خبر ٹیکسٹ مسیج، ای میل،اور ویب سائٹ کے ذریعے دی جائے گی۔ ہرسال کی طرح اس سال بھی طلبہ کا انتخاب پورے ملک سے ہوگا۔ اس انٹرنس ٹیسٹ میں وہ مسلم اقلیت طلباء وطالبات حصہ لے سکیں گے جس نے اس سال یعنی 2023 میں دسویں کلاس بورڈ کے امتحان میں شریک ہونگے۔ جس کے لیے انھیں آن لائن فارم بھرنا ہوگا۔فارم کی تفصیلات رحمانی 30 کے ویب سائٹ www.rahmanimisison.org پر دستیاب ہے۔
رحمانی 30 کا داخلہ امتحان اسٹیٹ بورڈ، سی بی ایس ای (CBSE) اور سی آئی ایس سی ای (CISCE)کے مشترکہ نصاب پر مبنی ہوگا۔ یہ سوالات ریاضی، فزکس، کیمسٹری، بایولوجی،سوشل سائنس، انگریزی اور اسلامی معلومات پر مشتمل ہوگا، اس کے علاوہ مینٹل میتھ میٹکس اور ایٹی ٹیوڈ کے سوالات بھی ہونگے، خیال رہے کہ اس امتحان میں شرکت کے اہل صرف وہی طلباء وطالبات ہونگے جو امسال 2023 میں دسویں جماعت کے امتحان میں شامل ہونگے۔ رحمانی 30 کے سرپرست، امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی یہ سوچ اور فکر ہے کہ 10ویں کلاس تک کے تمام طلباء و طالبات سائنس، میتھس، سوشل سائنس مکمل نصاب پر عبور حاصل ہو۔
اس ادارہ کا مقصد اقلیتی طلباء کے لئے اعلی تعلیم کی راہ ہموار کرنا ہے، اور اب تک یہ اپنے مقصد کو بحسن وخوبی انجام دے رہاہے۔