Wednesday, January 15, 2025

ایک شام نتیش کے نام مشاعرہ میں سامعین کا ہجوم، تاریخ کے سنہری صفحات میں درج

ڈھاکہ: (عبد المبیں)
نتیش کمار کے نام ایک شام کے عنوان سے ڈھاکہ کی تاریخی سرزمین پر جے ڈی یو ڈاکٹر خالد انور کی طرف سے ایک خوبصورت اور کامیاب آل انڈیا مشاعرہ و کوی سمیلن کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشاعرہ و کوی سمیلن کا آغاز جدیو پارلیمانی بورڈ کے قومی صدر اوپیندر کشواہا، وزیر ترقیات شرون کمار، ایم ایل اے شالینی مشرا، ایم ایل سی رامیشور مہتو، ایم ایل سی خالد انور نے مشترکہ طور پر شمع روشن کر کیا۔ مشاعرہ کے منتظم اور سرپرست ایم ایل سی خالد انور نے مذکورہ تمام قائدین کو گلدستے اور شال اوڑھاکر اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر جے ڈی یو پارلیمانی بورڈ کے اوپیندر کشواہا نے کہا کہ خالد انور نے مشاعرہ کے ذریعے لوگوں کے دلوں کو جوڑنے کا قابل ستائش کام کیا ہے۔ دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار نے کہا کہ نتیش کمار خیر سگالی کی علامت ہیں اور آج شاعروں اور شاعرات کے شعروں کے ذریعے باہمی بھائی چارے کا یہ پیغام بہار سے آگے دہلی تک پہنچے گا۔ اس مشاعرہ کا پیغام نتیش کی ‘دیش جوڑو’ مہم میں بھی موثر ہو گا۔ مشاعرہ کی پہلی نشست کی نظامت اسد الرحمن تیمی نے کی۔ مشاعرہ کا آغاز مشہور شاعر شنکر کیموری کے حمد اور نعتیہ کلام سے ہوا۔ اس کے بعد نیپال سے آئے شاعر فیاض فیضی نے لوگوں کے دل جیت لیے، علیم واجد، جمیل اختر شفیق، شاعرہ فلک سلطان پوری، ظفر حبیبی، اور مزاحیہ شاعر بادشاہ پریمی نے بھی لوگوں کی داد حاصل کی، جب کہ اپوروا گورو نے لوگوں کے ضمیر کو جھنجوڑا۔ پرتاپ شوم ونشی کے بعد شمبھو شیکھر نے اپنی مزاحیہ شاعری سے لوگوں کو خوب ہنسایا،

سمندر پار سے آئے عزیز نبیل اور ماجد دیوبندی نے اپنی بہترین شاعری سے سما باندھ دیا، جب کہ نغمہ نگار شکیل اعظمی نے اپنے مشہور شعر پروں کو کھول زمانہ اڑان دیکھتا ہے، زمین پہ بیٹھ کے کیا آسمان دیکھتا ہے، شعر سے سامعین کو مسحور کیا، جب کہ انکیتا سنگھ کی روح پرور آواز کو سامعین نے خوب سراہا۔ سمپت سرل نے بھی لوگوں کو اپنا دیوانہ بنایا اور آخر میں نیلی نیلی آنکھوں والی نیلوفر، نکاح فلم میں خوبصورت آواز، دلکش انداز اور بہترین فن کاری کا جوہر دکھانے والی سلمیٰ آغا نے مشہور گانا دل کے ارمان گایا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ مشاعرہ کی کامیاب نظامت ابرار کاشف نے کی۔ مشاعرہ کے سرپرست قانون ساز کونسل کے رکن ڈاکٹر خالد انور نے پروگرام میں شامل تمام سامعین، رضا کاروں، کمیٹی ممبران اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ مشاعرہ کے کامیاب انعقاد کے بعد ہفتہ کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایم ایل سی ڈاکٹر خالد کو شال اور گلدستہ سے نوازا اور اُنہیں مبارک باد دی۔

Related Articles

Stay Connected

7,268FansLike
10FollowersFollow

Latest Articles