(تر ہت نیوز ڈیسک)
ڈھاکہ تھانہ حلقہ کے آزاد چوک سے متصل ڈھاکہ – پکڑی دیال روڈ میں نقاب پوش مسلح بدمعاشوں نے رحمان ٹی اینڈ ڈرائی فروٹ سینٹر کے مالک شمیم اختر سے کان پٹی پر پستول ڈال کر گلے میں رکھے پوری دن کی کمای اور مارکیٹ سے آیا ہوا پیسہ جو تقریباً ٤ لاکھ سے اوپر تھا لوٹ لیا اور آسانی سے بےخوف ہوکر فرار ہوگئے،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی پی،انسپکٹر، اور تھانہ انچارج اپنے پورے عملہ کے ساتھ پہنچ گئے، انہوں نے حالات کا جائزہ لیا اور دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے بدمعاشوں کی شناخت کرنے کی کوشش بھی کی لیکن تادم تحریر لوٹنے والے کسی بھی بدمعاش کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
حادثے سے متعلق رحمان ٹی اینڈ ڈرائی فروٹ سنٹر کے مالک شمیم اختر نے بتایا کہ پکڑی دیال کی جانب سے اپاچی بائیک پر سوار تین کی تعداد میں نقاب پوش مسلح بدمعاش آئے اور انہوں نے دوکان میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے جتنے بھی افراد دکان میں تھے سب کو بیت الخلاء میں بند کردیا، جب تینوں دکان میں داخل ہوئے تو سب کے پاس پستول تھی اور تینوں نے دکان میں داخل ہوتے ہی پستول کو لوڈ کرلیا،اور کہا کہ تھوڑی بھی ہوشیاری کی یا پھر آواز نکالا تو گولی مار دیں گے، اس کے بعد ایک آدمی اس میں سے گلے میں رکھے سارے پیسے بیگ میں بھرنے لگا،پیسہ بیگ میں ڈالتے ہیں تینوں پکڑی دیال کی جانب آسانی سے فرار ہوگئے، انہوں نے بتایا کہ لوٹنے والوں میں سے ایک بدمعاش لوٹ کی واردات سے ایک گھنٹہ قبل دکان میں آیا تھا، اس دوران اس نے گڈے بسکٹ اور کئی سامان بھی لیے، انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ وہ چھان بین کے لئے آیا ہوں اور اس نے بعد میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر واردات کو انجام دیا، انہوں نے بتایا کہ جو ایک گھنٹہ قبل آیا تھا اس نے اس وقت بھی لال رنگ کی ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھی اور اس پر ایک لوگو بنا ہوا تھا جو لوٹ کے وقت بھی اسی ٹی شرٹ میں تھا- واضح رہے کہ شمیم اختر ڈھاکہ بازار کے ایک بڑے کاروباری ہیں جو انڈا ہال سیل کے علاوہ برٹانیہ کمپنی کا مال سکرہنہ سب ڈویژن کے بڑے دکانداروں کو سپلائی کرتے ہیں- اس کے علاوہ کرانہ کا بھی بہت سا سامان کثیر مقدار میں رکھتے ہیں-
واضح رہے کہ تہواروں کا موسم ہے اور اس طرح سے بڑی واردات کاہونا سارے کاروباریوں میں خوف و دہشت پھیلا دیا ہے، ڈھاکہ کے مختلف کاروباریوں نے انتظامیہ سے اس بات کی درخواست کی ہے کہ جلد از جلد لوٹیروں کو گرفتار کرکے انہیں سخت سزا دلائی جائے تاکہ اس طرح کی واردات پر لگام لگ سکے- ڈھاکہ میں بڑے واردات کا پہلا واقعہ ہے-
کیا کہتے ہیں ڈی ایس پی: اس بابت ڈی ایس پی راجیش کمار نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے بدمعاشوں کی شناخت کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کی نکاتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے،ٹیم تشکیل دے کر بدمعاشوں کی جلد گرفتاری کی جائے گی-
کیا کہتے ہیں تھانہ انچارج: اس بابت تھانہ انچارج کرشن ناتھ شا فی نے کہا کہ جاے واردات کا جائزہ لیا گیا ہے ، پولیس نے اپنی کاروائی تیز کردی ہے، قرب وجوار کے سی سی ٹی وی کیمرے کو کھنگالا جارہاہے بہت جلد بدمعاش پولیس کے گرفت میں ہونگے-