(ترہت نیوزڈیسک)
زمین سے متعلق مسائل اور تنازعات کو حل کرنے کے لیے ریاستی حکومت تمام ممکنہ تکنیکی خامیوں کو دور کرنے میں مصروف ہے۔ اس کے لیے زمین سے متعلق دستاویزات بشمول کھتیان، خیسرا، کھاتہ اور جمع بندی کو اسکین کرکے اپ لوڈ کیا جارہا ہے۔ دس کروڑ دستاویزات کو اسکین کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس میں سے تین کروڑ زمین سے متعلق دستاویزات کو اسکین کیا جاچکا ہے۔ اس دوران تقریباً 25 کروڑ دستاویزات منظر عام پر آچکے ہیں، ان کو بھی آہستہ آہستہ اسکین کیا جائے گا۔ اب کوئی بھی، کہیں بھی زمین کی حیثیت جان سکتا ہے۔ یہ باتیں بہار حکومت کے لینڈ ریفارمز اور ریونیو منسٹر آلوک مہتا نے کہیں۔ وہ اتوار کی شام میلہ ایریا میں منعقدہ محکمانہ نمائش کا افتتاح اور معائنہ کرنے کے بعد صحافیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میلے میں آنے والے افراد 150 روپے فی نقشہ کے حساب سے اس نمائش میں نقشہ حاصل کریں گے۔ اس موقع پر سکریٹری ریونیو لینڈ ریفارمز جئے سنگھ، ایڈیشنل چیف سکریٹری برجیش ملہوترا، ڈپٹی ڈائرکٹر شاہدہ خاتون، سکریٹری برجیش مہروترا، سارن کے ڈی ایم امن سمیر، سون پور اور دیگھواڑہ کے سی او وغیرہ موجود تھے۔