(تر ہت نیوزڈیسک)
نئے ایڈیشنل چیف سکریٹری کے کے پاٹھک بہار میں محکمہ تعلیم میں اصلاحات کے سلسلے میں ایکشن موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔ آئے روز کوئی نہ کوئی حکم نامہ جاری کر رہے ہیں اور ساتھ ہی وہ خود بھی اسکولوں کے اچانک معائنہ پر نکل رہے ہیں۔ اس دوران ان کی جانب سے ریاست بھر میں کئی اساتذہ کے خلاف کارروائی بھی کی گئی ہے۔ اس کے بعد پاٹھک نے اب ریاستی حکومت کے بحال ٹولہ سیوک یا شکشا سیوک کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ پاٹھک نے حکم دیا ہے کہ اگر ریاست کے اسکولوں میں بچے مقررہ فیصد سے کم پائے گئے تو ان کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔
درحقیقت محکمہ تعلیم کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ جس ٹولہ میں بچوں کی حاضری 90 فیصد سے کم ہوگی، تولہ سیوکوں یا شکشا سیوکوں کے اعزازیہ سے کٹوتی کی جائے گی۔ جس کے بعد تعلیم کے خدمت گار سرگرم ہو گئے ہیں۔ ٹولہ سیوک اب گھر گھر جا کر بچوں کو اسکول بھیجنے کا پیغام دے رہے ہیں۔