(تر ہت نیوز ڈیسک)
آر جے ڈی کوٹہ سے دو لوگوں کو راجیہ سبھا بھیجنے کی ساری تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ اس کے لیے دونوں امیدواروں کی پرچہ نامزدگی کی کارروائی بھی ہو چکی ہے۔
آر جے ڈی سے میسا بھارتی اور فیاض احمد نے راجیہ سبھا کے امیدوار کے طور پر جمعہ کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر دیا ہے۔ دونوں نے آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد اور تیجسوی یادو کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
پرچہ نامزدگی سے قبل بہار کے سیوان سے یہ خبر بڑے زور و شور سے آ رہی تھی کہ اس بار آر جے ڈی سے سابق ایم پی مرحوم شہاب الدین کی اہلیہ حنا شہاب کو آر جے ڈی سے راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا جائے گا۔ لیکن دو دن قبل ہی آر جے ڈی نے دونوں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ جس میں ایک لالو یادو کی بیٹی میشا بھارتی اور دوسرے سابق ایم ایل اے فیاض احمد ہیں۔
آر جے ڈی کی طرف سےحنا شہاب کو راجیہ سبھا میں نہ بھیجنے سے سیوان کے آر جے ڈی کارکنوں میں کافی ناراضگی ہے۔ سیوان میں مشتعل کارکنوں نے لالو پرساد اور تیجسوی یادو کے خلاف نعرے بھی لگائے ہیں۔
کافی دنوں سے کارکنان حنا شہاب کو راجیہ سبھا بھیجنے کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن آر جے ڈی کی طرف سے فیاض احمد اور میسا بھارتی کی نامزدگی سے کارکن ناراض ہیں۔ اس سلسلے میں جمعہ کو شہر کے ایک ہوٹل میں آر جے ڈی کارکنوں کی میٹنگ بلائی گئی تھی۔ میٹنگ میں موجود کارکنوں نے حنا شہاب کو راجیہ سبھا میں نہ بھیجنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
میٹنگ کے بعد آر جے ڈی کے کارکن حنا شہاب کی رہائش گاہ نیا قلعہ پہنچے اور ان کی حمایت میں نعرے لگائے۔ اس دوران کارکن سابق ایم پی محمد۔ شہاب الدین امر رہے کے نعرے لگاتے نظر آئے۔ اس موقع پر حنا شہاب کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی چھوڑنے کا کوئی فیصلہ نہیں کرنے والی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی عوام اور کارکنوں کی رائے کی بنیاد پر ہے مستقبل کا ہدف آور راستہ طے کیا جائےگا۔
بتا دیں کہ آر جے ڈی سے ایل اے اودھ بہاری چودھری، بڈھریا کے ایم ایل اے بچھا پانڈے، رگھوناتھ پور کے ایم ایل اے ہری شنکر یادو اور ایم ایل سی ونود جیسوال آر جے ڈی کارکنوں کی بلائی گئی میٹنگ سے غیر حاضر رہے۔ حنا شہاب کو راجیہ سبھا میں نہ بھیجے جانے کی مخالفت میں کارکن آج شام لالو پرساد اور تیجسوی یادو کے پتلے جلانے کی بھی منصوبہ سازی کر رہے ہیں۔