(تر ہت نیوز ڈیسک)
انتظار کے بعد آخر کار گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ گجرات میں یکم اور 5 دسمبر کو دو مرحلوں میں پولنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہماچل پردیش کے ساتھ ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے جمعرات کو دہلی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ گجرات کی کل 182 رکنی اسمبلی کے لیے پہلے مرحلے میں 89 اور دوسرے مرحلے میں 93 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس وقت گجرات میں گزشتہ ڈھائی دہائیوں سے بی جے پی کی حکومت ہے اور اس بار عام آدمی پارٹی کی انٹری سے سہ رخی مقابلہ متوقع ہے۔ تاہم موجودہ گجرات اسمبلی کی مدت کار اگلے سال 18 فروری کو ختم ہو جائے گی۔ اب دیکھنے والی بات ہوگی کہ اب تک گجرات ماڈل کے نام پر ملکی سطح پر حکومت کرنے والی بھاجپا کیا اس بار اپنا قلع محفوظ کرنے میں کامیاب ہو پائے گی، یا پہلے کی مناسبت مزید مضبوط ہوگی، یا پھر کانگریس یا عاپ پارٹی بھاجپا کے قلعے میں سیند لگانے میں کامیاب ہوگی۔