(تر ہت نیوز ڈیسک)
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان جمعرات کو لانگ مارچ کے کنٹینر کے قریب مبینہ طور پر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔ گولی ا ن کی ٹانگ میں لگی اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پاکستان سے آرہی خبر اور وہاں کی پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس فائرنگ میں 1 شخص کے ہلاک اور 4 افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید بھی زخمی ہوئے ہیں۔ حملہ آور کے بارے میں ابھی تک معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
پاکستان میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر آباد میں ظفر علی خان چوک کے قریب سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملہ آور نے عمران خان پر چار گولیاں چلائیں۔ عمران خان کی سیکیورٹی ٹیم انہیں فوری طور پر طبی مرکز لے گئی اور ان کا علاج کرایا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ عمران خان کا علاج لاہور کے شوکت خانم ہسپتال میں چل رہا ہے۔