(ترہت نیوزڈیسک)
بہار میں پنچایتی انتخاب کو لے کر نت نئی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ بہار انتخابی کمیشن انتخاب کو پوری طرح سے شفاف بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں رکھنا چاہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب انتخابی کمیشن اس بار کے بہار الیکشن میں پہلی دفعہ بایو میٹرک مشین کے استعمال کا تجربہ کرنے جارہا ہے۔ اس بار بہار پنچایتی انتخاب ۲۰۲۱ کے لئے تمام ووٹنگ مراکز پر بایو میٹرک مشین لگائے جانے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ جیسے ہی بہار ریاستی حکومت کی منظوری مل جائے گی اس مشین کو ووٹنگ کے دن تمام بوتھ پر لگایا جائے گا۔ جس سے رائے دہندگان کی انگلیوں کے ذریعہ اس بات کی تصدیق کی جائے گی کہ یہ آدمی وہ ووٹر ہے جس کا نام ووٹر لسٹ میں دیکھا جارہا ہے۔ اگر انتخابی کمیشن اور ریاست کے مابین تال میل ٹھیک رہا تو اس بار بہار کے قریباً ایک لاکھ دس ہزار ووٹنگ مراکز پر بایو میٹرک مشین لگائی جائے گی۔ اس مشین کے ذریعہ تمام رائے دہندگان کی انگلیوں کی شناخت کی جائے گی اورساتھ ہی اس کے چہرے کی پہچان بھی ہوگی۔ اس سے فرضی ووٹوں کا خدشہ ختم ہوجائے گا۔ اور بوگس ووٹر بوتھ کے قریب پھٹکنے کی بھی زحمت نہیں کریں گے۔ کیونکہ وہی ووٹر ووٹ دیگا جس کا ووٹنگ لسٹ کے بعد بایو میٹرک مشین شناخت کرے گی۔ بہار سرکار نے ریاستی انتخابی کمیشن کو اس کے لئے تیاری کرنے کی حامی بھر دی ہے۔
آج تک پنچایت، اسمبلی، یا پارلیمانی دیگر قسم کے انتخاب میں ہارنے والے امیدوار اسی بات کا رونا روتے رہے ہیں کہ ہمارے حریف نے بوگس یعنی فرضی ووٹروں کے سہارے جیت حاصل کی ہے۔ لیکن اس مشین کے لگنے کے بعد امیدواروں کی یہ پریشانی بھی دور ہوجائے گی۔ اس مشین کے استعمال کے بعد تمام امیدوار کم از کم فرضی ووٹ کے خدشے سے ضرور مطمئن ہوجائیں گے۔