(تر ہت نیوز ڈیسک)
بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لیے گئے۔ کابینہ نے پردھان منتری آواس یوجنا گرامین (PMAY-G) کو مارچ 2024 تک جاری رکھنے کی منظوری دی ہے۔ میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کابینہ کے فیصلے کی جانکاری دی۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ پی ایم اے وائی-جی کے تحت دیہی علاقوں میں سبھی کو مکانات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2016 میں دیہی علاقوں میں سب کے لیے مکانات کے حوالے سے اندازہ لگایا گیا تھا کہ 2.95 کروڑ لوگوں کو پکے مکانات کی ضرورت ہوگی۔ اس میں بڑی تعداد میں خاندانوں کو مکان فراہم کیے گئے ہیں۔ٹھاکر نے کہا کہ اس اسکیم کو 2024 تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ باقی خاندانوں کو بھی مکان مل سکیں۔ سرکاری بیان کے مطابق، اس اسکیم کے تحت باقی 1.55 کروڑ مکانات کی تعمیر کا مالی اثر 2.17 کروڑ روپے ہوگا، جس میں مرکزی حصہ 1.25 لاکھ کروڑ روپے اور ریاست کا حصہ 73,475 کروڑ روپے ہوگا۔ اس کے تحت نابارڈ کو اضافی سود کی ادائیگی کے لیے 18,676 کروڑ روپے کی اضافی ضرورت ہوگی۔