(ترہت نیوز ڈیسک)
بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی صدارت میں یکم جون کو آل پارٹی میٹنگ ہوگی۔ اس میٹنگ میں ریاستی سطح پر ذات پات کی مردم شماری کرانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری نے وزیر اعلیٰ کی صدارت میں ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے کے موضوع پر مختلف جماعتوں کے لیڈروں کی میٹنگ کے لیے دعوت نامہ ارسال کیا ہے۔
وزیر وجے کمار چودھری نے خط میں لکھا ہے کہ بہار قانون ساز اسمبلی کی طرف سے دو مرتبہ منظور کی گئی متفقہ قرارداد کی بنیاد پر 2021 کی مردم شماری ذات کی بنیاد پر کرانے کی سفارش مرکزی حکومت کو بھیجی گئی تھی، لیکن مرکزی حکومت نے کہا کہ ابھی مرکز اپنی سطح سے ذاتی مردم شماری نہیں کراۓ گی۔ البتہ بہار سرکار چاہے تو اس ضمن میں تمام پارٹیوں کے اتفاق سے عمل در آمد کے سکتی ہے۔ مرکز کے اس جواب کے بعد چیف منسٹر نے بہار کی مختلف پارٹیوں کے لیڈروں کی میٹنگ بلانے کا اعلان کیا۔ سب سے مشورے کے بعد یہ میٹنگ یکم جون 2022 (بدھ) کو شام 4 بجے وزیر اعلیٰ کی صدارت میں ‘سواد’ چیف منسٹر سکریٹریٹ، 4 دیش رتنا مارگ میں منعقد ہو نا طے پایا ہے۔ اس اجلاس میں شریک ہونے کے لئے تمام پارٹیوں سے اپیل کی گئی ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ بہار میں ذات پات کی مردم شماری کرانے کے مطالبے پر اپوزیشن مسلسل حملہ کر رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو مسلسل آل پارٹی میٹنگ کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اب حکومت نے تمام جماعتوں سے بات کرنے کے بعد میٹنگ کی تاریخ طے کی ہے۔ یکم جون کو ہونے والی اس میٹنگ کے بعد بہار میں ذات پات کی مردم شماری کے حوالے سے صورتحال واضح ہو جائے گی۔