(ترہت نیوزڈیسک)
جہاں ایک طرف نتیش کمار پورے ملک میں گھوم کر اپوزیشن کو بی جے پی کے خلاف متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہیں دوسری طرف ان کے اپنے ایم ایل اے بی جے پی کی حمایت کر رہے ہیں۔ ناگالینڈ کے واحد جے ڈی (یو) ایم ایل اے، جوینگا سیب نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں نیفیو ریو کی حکومت کی حمایت کی ہے۔
واضح رہے کہ نیفیو ریو ناگالینڈ میں پانچویں بار وزیر اعلیٰ بنے ہیں۔ اس بار ناگالینڈ کی 60 اسمبلی سیٹوں کے لیے الیکشن ہوا جس میں جدیو نے صرف ایک سیٹ پر کامیابی حاصل کی۔ اور اب جے ڈی یو کے اسی واحد ایم ایل اے نے ناگالینڈ میں بی جے پی اتحاد والی حکومت کو اپنی غیر مشروط حمایت دی ہے۔ ایم ایل اے اور جے ڈی یو کے ناگالینڈ کے ریاستی صدر سینچومو لوتھا کی بھی اس حمایت میں ملی بھگت ہے۔
تاہم، ناگالینڈ جے ڈی یو کے انچارج آفاق خان کا کہنا ہے کہ پارٹی نے کوئی حمایت دینے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ پہلے بھی ناگالینڈ میں کوئی اپوزیشن نہیں تھی اور اس بار بھی اپوزیشن میں ایک بھی رکن نہیں ہے۔ تمام پارٹیوں کے ایم ایل اے حکومت کے ساتھ ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی کے ایم ایل اے نے بھی حکومت کی حمایت کی ہے۔ اس بار ناگالینڈ میں جے ڈی یو نے پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کیا اور 8 سے زیادہ سیٹوں پر امیدوار کھڑے کئے۔ جے ڈی یو کے قومی صدر للن سنگھ اور پارٹی کے کئی سینئر لیڈر بھی انتخابی مہم میں گئے تھے۔ لیکن جے ڈی یو نے صرف ایک سیٹ جیتی اور 2 سیٹوں پر پارٹی کے امیدوار دوسرے نمبر پر آئے۔ اور اب جدیو کو اس واحد ایم ایل اے نے بھی بھاجپا اتحاد والی حکومت کو اپنی حمایت دے دی ہے۔