Monday, November 25, 2024

مدارِس میں بھی اردو زبان کی تعلیم و تدریس ضروری ہے

(ڈاکٹر محمد وسیم)
اردو زبان ایک اہم اور اہمیت کی حامل زبان ہے، عربی زبان کے بعد اسلامی تعلیمات کا سب سے بڑا ذخیرہ اردو زبان میں موجود ہے، ہندوستان کی آزادی میں اس زبان نے تاریخی خدمات انجام دی ہیں، لیکن افسوس کی بات تو یہ ہے کہ اس زبان کے ساتھ حکومتیں تعصب کا رویہ اپنا رہی ہیں اور اس کوشش میں ہیں کہ اس زبان کی اہمیت کم کی جاۓ یا اس کو ختم کر دیا جاۓ، مختلف رپورٹ اور سروے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اس زبان کے ساتھ انتہائی تعصب کا رویہ اپنایا جا رہا ہے

ان سب کے بعد بھی کیا ہم یہ توقع کرتے ہیں کہ اردو زبان کی ترقی اور اس کی لازمی تعلیم کے لئے حکومتیں یا حکومت کی طرف سے چلنے والے ادارے اور تنظیمیں کام کریں گی، تو جواب نہیں میں ہے اور جب تک اسکولوں و دیگر اداروں میں اردو کو لازمی کر کے پڑھایا نہیں جاۓ گا تب تک اس کے فروغ کے امکانات نہیں ہوں گے، اس صورتِ حال میں ہم کیا یہ توقع کر سکتے ہیں کہ اردو سے تعلق اور دلچسپی رکھنے والے یا اس کے روشن مستقبل کی امید رکھنے والے محض حکومت کے بھروسے رہ سکتے ہیں، تو جواب نہیں میں ہے

میں نے اوپر یہ ذکر کیا ہے کہ اسلام کا بہت بڑا ذخیرہ اردو زبان میں ہے اور بہت سی ادبی اور علمی کتابیں ہیں، ہندوستان میں بے شمار مدارس ہیں، اردو زبان میں سارے کام ہوتے ہیں، لیکن کیا مدارس کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ اس سلسلے میں لائحۂ عمل تیار کریں، اردو زبان کو باقاعدہ نصاب میں شامل کریں اور دیگر مضامین کی طرح اردو زبان کے بھی اساتذہ کی تقرّری کریں، تاکہ طلبہ کی تقریر و تحریر بہتر ہو اور زبان کے فروغ کا ذریعہ بھی ہو، کیوں کہ ہم صرف حکومت کے بھروسے نہیں رہ سکتے ہیں

بہت سے طلبہ مدارس سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹیوں میں اعلٰی تعلیم حاصل کرتے ہیں، پھر وہ سرکاری اداروں یا دیگر ایسی جگہوں پر نوکری کرتے ہیں جو ان کے مطابق ماحول سازگار نہیں ہوتے ہیں، اگر ان میں سے بعض طلبہ سرکاری اداروں کے علاوہ مدارس اور تنظیموں میں خدمات انجام دیں گے تو ان کے مطابق نہ صرف ماحول ہوگا بلکہ اردو زبان و ادب کے حوالے سے بھی وہ خدمات انجام دیں گے

آپ اخبارات پڑھتے ہوں گے اور مختلف اشتہارات بھی آپ کی نظروں سے گزرتے ہوں گے، لیکن مدارس میں اردو زبان کی تدریس کے لئے شاید کبھی اشتہارات دیکھے ہوں گے، میں نے اب تک صرف ایک بار جامعۃ الفلاح، بِلریا گنج، اعظم گڑھ کا اشتہار دیکھا ہے، جس میں یہ درج تھا کہ اردو استاد کی ضرورت ہے، ہندوستان میں ہزاروں مدارس ہیں مگر ان میں اردو زبان کی تعلیم و تدریس نہیں ہوتی ہے، تو اردو اساتذہ کی ضرورت کیوں ہوگی؟ جب کہ ان اداروں میں بھی اردو زبان و ادب کی باقاعدہ تعلیم و تدریس ضروری ہے، میرے خیال میں اب یہ چیز باقاعدہ شروع کرنے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے.

Related Articles

Stay Connected

7,268FansLike
10FollowersFollow

Latest Articles