(ترہت نیوز ڈیسک)
آج 27 فروری سے بہار قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع ہوچکا ہے۔ بہار لیجسلیچر کا بجٹ اجلاس گورنر راجندر وشوناتھ کے خطاب سے شروع ہوا۔ عظیم اتحاد حکومت بجٹ اجلاس کے دوسرے روز کل یعنی منگل کو ایوان میں نیا بجٹ پیش کرے گی۔ گورنر کے خطاب کے بعد بہار حکومت کے وزیر خزانہ وجے کمار چودھری نے بہار اقتصادی سروے 2022-23 کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ وزیر خزانہ نے ایوان کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ترقی کے اشاریہ میں ریاستوں کی فہرست میں بہار تیسرے نمبر پر ہے۔
اقتصادی سروے پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ وجے کمار چودھری نے کہا کہ بہار 2021-22 میں معاشی ترقی کے لحاظ سے ملک میں تیسرے نمبر پر ہے، آگے کی دونوں ریاستوں کے درمیان فرق بہت کم ہے۔ ہماری ریاست محدود وسائل کی ریاست ہے۔ آندھرا پردیش میں قدرتی وسائل بہت زیادہ ہیں، اس کے مقابلے بہار میں بہت کم وسائل ہیں۔ بہار میں موجود ندیوں سے فائدے ہیں تواس کا خمیازہ بھی ریاست کے لوگوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔ لاکھ کوششوں کے باوجود بھی سیلاب کا مستقل حل نہیں نکل پاتا ہے، بعض اوقات نیپال کے ساتھ کوئی مسئلہ ہو جاتا ہے،جو بین الاقوامی معاملہ بن جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2021-22 میں فی کس آمدنی میں 6400 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ مرکز کی اسکیموں سے پیسہ نہیں ملتا، ہمیں اپنے وسائل سے اسکیم کو مکمل کرنا ہوگا۔ کئی اسکیموں میں مرکز کا حصہ کم کیا گیا ہے اورمرکز کا حصہ کم کرنے کے باوجود بھی وقت پر رقم نہیں مل رہی ہے۔ بہار میں سڑکوں کی کثافت بڑھ گئی ہے۔ فی ہزار کلومیٹر مربع کلومیٹر 3167 ہے۔ حکومت بہت تیز رفتاری سے سڑکیں بنا رہی ہے۔ صحت کے شعبے میں غیر معمولی ترقی ہوئی ہے۔ تعلیم میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ 16 سالوں میں صحت پر اخراجات میں 11 گنا اضافہ ہوا ہے۔ تعلیم پر اخراجات میں 8 گنا اضافہ کیا گیا ہے۔ سب کو قومی دھارے میں لایا جا رہا ہے۔
وجے چودھری نے ایوان کو یاد دلایا کہ جب وزیر اعظم آئے تھے تو انہوں نے بھی کہا تھا کہ بہار نے تعلیم کے میدان میں اچھا کام کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہمیشہ کہتے رہتے ہیں کہ خواتین کی ترقی اور تعلیم سو بیماریوں کی دوا ہے۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اگر خواتین تعلیم یافتہ ہو جائیں تو شرح پیدائش کم ہو جاتی ہے، زیادہ تر مسائل آبادی میں اضافے کی وجہ سے ہیں۔ جیویکا ابھیان کے ذریعے خواتین کے خود اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے۔ جیویکا گروپ میں عام طور پر غریب گھرانوں کی خواتین ہوتی ہیں۔ آج ایک عورت کی ماہانہ آمدنی میں لاکھوں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ کرونا پھیلنے کے بعد بھی بہار نے اس وباء سے باہر آنے کے فن میں مہارت حاصل کر لی ہے۔ ہم ملک کی اوسط ترقی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم وبائی مرض سے صحت یاب ہونے کے بعد ملک میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ بہار کی معیشت نے سال 2021-22 میں زبردست واپسی کی ہے۔ بہار کی ترقی کی شرح قومی ترقی کی شرح 8.68 سے زیادہ ہے۔ بہار کی ترقی کی شرح 10.98 فیصد ہے۔ نتیش کمار کی قیادت میں بہار تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
وہیں بجٹ اجلاس کے دوران بی جے پی ایم ایل اے نے یہ کہتے ہوئے ہنگامہ کیا کہ اسکولوں میں اساتذہ اور عمارتیں نہیں ہیں۔ اتنا ہی نہیں، بی جے پی نے یہ بھی کہنا شروع کر دیا کہ عظیم اتحاد کو ہٹاؤ اور ملک بچاؤ۔ جس کے بعد آر جے ڈی کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ مودی بھگاؤ اور ملک بچاؤ۔ اس کے بعد بی جے پی اور آر جے ڈی لیڈران کے درمیان زبانی جنگ چلتی رہی۔ واضح رہے کہ یہ بجٹ اجلاس 5 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس میں کل یعنی 28 فروری کو بہار کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔