(ترہت نیوز ڈیسک)
بہار کی دو بڑی سیاسی جماعت این ڈی اے اور عظیم اتحاد نے ایک ہی دن ریاست کے دو مختلف مقامات پر اپنی اپنی ریلیاں منعقد کیں اور ایک دوسرے کو شدید نشانہ بنایا۔ ایک طرف جہاں عظیم اتحاد نے بہار کے پورنیہ میں ریلی کی وہیں دوسری طرف بی جے پی نے لوریا، والمیکی نگر، مغربی چمپارن میں اپنی ریلی کی۔ عظیم اتحاد کی ریلی میں جہاں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے لوگوں سے خطاب کیا اور 2024 اور 25 میں بہار سے بی جے پی کو اکھاڑ پھینکنے کا دعویٰ کیا، وہیں ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ نے مغربی چمپارن کے بالمیکی نگر میں 2025 میں بہار میں بی جے پی کی حکومت بنانے کا دعویٰ کیا۔
نتیش کمار نے پورنیہ میں منعقدہ عظیم اتحاد کی ریلی میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل سے دوچار ہے، بی جے پی حکومت ملک کو اندھیروں کی طرف لے جا رہی ہے، بی جے پی پوری طرح سے سرمایہ داروں کی حکومت بن گئی ہے، ذات پات اور مذہبی امتیازی سلوک بی جے پی کا واحد ایجنڈا رہ گیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار کی عوام آئندہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو منہ توڑ جواب دے گی۔ تیجسوی نے کہا کہ بہار میں عظیم اتحاد کی حکومت بننے کے بعد سے صحت، روزگار اور تعلیم کے شعبوں میں بہتر کام ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ پورنیہ کی ریلی میں کچھ نوجوانوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے روزگار کا مطالبہ کیا۔ نوجوانوں کی طرف سے روزگار کے مطالبے پر نتیش کمار نے کہا کہ بہار میں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا کام زور و شور سے جاری ہے، بہار میں بڑے پیمانے پر اساتذہ کی بھرتی کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جلد ہی اساتذہ کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ بھی کیا جائے گا۔
وہیں وزیر داخلہ امت شاہ نے مغربی چمپارن کے والمیکی نگر کے لوریہ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نتیش-تیجسوی حکومت پر سخت تنقید کیا۔ امیت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نتیش کمار ہر تین سال بعد وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب نتیش کمار کے لیے بی جے پی کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہو گئے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے نتیش کمار سے پوچھا کہ ‘نتیش جی! کم از کم تیجسوی کو سی ایم بنانے کی تاریخ تو بتا دیں!۔
بی جے پی کے کام کو شمار کراتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ سومیشور مندر کو پرساد اسکیم کے تحت لیا گیا ہے۔ چمپارن ضلع میں تقریباً 80 ہزار لوگوں کو کارڈ دیے گئے۔ نمامی گنگا اسکیم کے تحت گنڈک ندی کو قومی آبی گزرگاہ قرار دیا گیا ہے۔ ریاستی صدر سنجے جیسوال کی کوششوں سے مظفر پور سے سوگولی تک ریلوے روٹ کو دوگنا کرنے کا کام ہو رہا ہے۔ ضلع میں تقریباً 500 کروڑ کا کام ہو رہا ہے۔ مغربی چمپارن میں انجینئرنگ کالج کھل رہے ہیں۔ والمیکی نگر کو رامائن سرکٹ سے جوڑنے کا کام کیا جائے گا۔