(ڈاکٹر محمد وسیم)
ہندوستان کی ریاست مدّھیہ پردیش کے ضلع جَبَل پور میں صرف 20 روپئے فیس میں لوگوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر منیشور چندرا ڈاوَر کو اس سال یومِ جمہوریہ کی تقریب میں صدرِ جمہوریۂ ہند کی طرف سے ایک اہم اعزاز “پَدَم شِری” سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر ایم سی داوڑ 1972ء سے اب تک بہت ہی معمولی فیس پر لوگوں کا علاج کرتے آۓ ہیں۔ پہلے ان کی فیس 2 روپئے تھی، اب بھی ڈاکٹر داوڑ محض20 روپئے فیس لیتے ہیں۔
ڈاکٹری کا پیشہ ایک اہم پیشہ ہے۔ یہ خدمتِ خلق کا اہم ذریعہ بھی ہے۔ لیکن آج کے اس مادی دور میں جہاں ڈاکٹر علاج کو تجارت بنائے ہوئے ہیں، آج کے ڈاکٹر دوا اور جانچ کے نام پر مریضوں سے سیکڑوں اور ہزاروں روپئے لے لیتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے لئے ڈاکٹر ڈاور ایک مثال ہیں۔ زندگی میں عزت اور شہرت روپئے اور دولت سے نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت کر کے حاصل کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر ڈاور نے صرف 2 اور 20 روپئے میں لوگوں کا علاج کر کے اور خدمتِ خلق کے ذریعے عزت اور شہرت حاصل کی ہے. اور آج بھارت سرکار نے ڈاکٹر ڈاور ایک بڑے اعزاز پدم شری سے نوازا ہے۔