Tuesday, December 24, 2024

امتناع شراب مہم کو لے کر پولیس پر نتیش حکومت کا اعتماد ہوا کم، اب پرائیویٹ جاسوس کی لی جائے گی مدد

(ترہت نیوز ڈیسک)
وزیر اعلی نتیش کمار بھلے ہی بہار میں اپنی حکومت برقرار رکھنے کے لیے حلیف بدل رہے ہوں، لیکن انہوں نے ریاست کے اندر شراب پر پابندی کے قانون میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ نتیش آج بھی شراب بندی مہم کو لے کر پہلے کی طرح پرعزم نظر آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اب نتیش حکومت نے امتناع مہم کو زیادہ کامیاب بنانے کے لیے ایسا فیصلہ لیا ہے، جو اب سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔ شراب کے کاروبار میں ملوث مافیا کا پتہ لگانے کے لیے نتیش حکومت اب پرائیویٹ جاسوسوں کی خدمت لے گی۔ ریاست کے امتناعی، آبکاری اور رجسٹریشن محکمہ نے اس کے لیے تیاریاں کر لی ہیں۔ محکمہ نے اس کے لیے ایجنسیوں کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔

پرائیویٹ جاسوس کی مدد سے ریاستی حکومت نہ صرف غیر قانونی دیسی شراب بنانے والے لوگوں کا پتہ لگائے گی بلکہ غیر ملکی شراب کا کاروبار کرنے والے مافیا اور خاص کر بہار سے دیگر ریاستوں میں شراب کے داخلے پر بھی نظر رکھنے کی تیاری کر رہی ہے۔ حکومت کا مقصد یہ ہے کہ پرائیویٹ جاسوس اپنے نیٹ ورک کا استعمال کرتے ہوئے محکمہ کو اطلاع دیں، اس کے بدلے میں حکومت کی طرف سے انہیں ایک مقررہ رقم دی جائے گی۔ حکومت اس معاملے میں پرائیویٹ ایجنسیوں کو کمیشن بھی دے سکتی ہے۔ بہار میں شراب کے بڑے مافیا کے خلاف کارروائی ہوتی نظر آ رہی ہے، اس کے باوجود ریاست کے اندر شراب فروخت ہو رہی ہے اور شراب کے کالے دھندے کی وجہ سے مافیا پنپ رہا ہے۔ اس کے پیش نظر اب حکومت نے پرائیویٹ جاسوس کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق پرائیویٹ جاسوس ایسے ملزمان سے ملنے والے سراغ پر کام کریں گے جو شراب کے کیس میں پکڑے گئے ہیں۔ پرائیویٹ جاسوس ریاست میں شراب کی سپلائی چین میں تعلق کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ محکمہ اور پولیس کے سامنے بہت سی مجبوریاں ہیں اور خاص کر وہ مافیا کے سامنے اپنی شناخت چھپا کر کام نہیں کر پاتے۔ حکومت کو لگتا ہے کہ پرائیویٹ جاسوس کی شناخت ظاہر نہ کرنے سے مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور اس سے امتناع کی مہم کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ گزشتہ دنوں چانکیہ ودھی وشواودیالیہ سے جو سروے رپورٹ سامنے آئی تھی، اس میں کہا گیا تھا کہ اگر پولیس کی سختی بڑھائی جائے تو شراب پر پابندی کو بہتر طریقے سے نافذ کیا جا سکتا ہے۔ ریاستی حکومت کو لے کر پولیس کے کام کرنے کے انداز پر بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب پرائیویٹ جاسوس کی مدد لینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

Related Articles

Stay Connected

7,268FansLike
10FollowersFollow

Latest Articles