(تر ہت نیوز ڈیسک)
بہار میں 2024 کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔ جے ڈی یو بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو ملک کا وزیر اعظم دیکھنا چاہتی ہے۔ جے ڈی یو نے پہلے ہی اس سلسلے میں اپنی کمر کس لی ہے۔ عظیم اتحاد کی نئی حکومت کے قیام کے چند دن بعد جے ڈی یو کے دفتر میں بینر-پوسٹر بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔
جے ڈی یو کے ریاستی دفتر کے باہر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ملک کی قیادت سنبھالنے کے نعرے والا بینر پوسٹر لگا دیا گیا ہے۔ بینر پر لکھا گیا ہے کہ بہار دیکھا، ملک دیکھے گا، ریاست میں نظر آیا، اب ملک میں نظر آئے گا، کئی بینروں پر یہ بھی تحریر دکھی کہ “جملہ نہیں، حقیقت، جھوٹی یقین دہانی نہیں، اچھی حکمرانی، آغاز ہوا ہے، تبدیلی بھی آئے گی۔
دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی نے بھی واضح کر دیا ہے کہ نتیش کمار وزیر اعظم کے امیدوار کا چہرہ ہوں گے اور 2024 میں ہم انہیں وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔ جیتن رام مانجھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے کہا ہے کہ ہم نے ملک کو متحد کرنے والے سردار ولبھ بھائی پٹیل کا وقت یاد کیا تھا۔ آج پھر وہ وقت آ گیا ہے جب ہمیں موقع مل رہا ہے کہ ہم پٹیل برادری کے بیٹے نتیش کمار کو 2024 میں وزیر اعظم بنائیں۔ “سردار پٹیل نے ملک کو متحد کیا تھا، اب پھر پٹیل کا بیٹا ملک کو توڑنے والوں سے لڑ کر ملک کو متحد کرے گا۔”
وہیں ہندوستانی عوام مورچہ کے ترجمان دانش رضوان نے بھی یہی کہا ہے کہ 2024 میں نتیش کمار وزیر اعظم بنیں گے اور اس کے لیے ہم اپنی جان کی بازی لگا دیں گے۔ دانش نے کہا کہ آج ہم جو ہندوستان دیکھ رہے ہیں وہ سردار پٹیل کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ایک وقت تھا جب سردار پٹیل نے ملک کو متحد کرنے کے لیے اپنی جان دے دی تھی، لیکن ہم نے وہ وقت گنوا دیا تھا۔ اس وقت ملک میں ہندو مسلم اور دلت فارورڈ کے نام پر لڑائی لڑی جارہی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سردار پٹیل جیسے طاقتور لیڈر کو منتخب کریں۔ یہ وقت نتیش کمار کو وزیر اعظم بنانے کا ہے۔