(تر ہت نیوز ڈیسک)
نائب صدر کے انتخاب سے متعلق اس وقت کی بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ این ڈی اے نے نائب صدر کے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے۔ مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھر کو این ڈی اے کے نائب صدر کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں لیا گیا ہے۔ مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھر نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔
بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کے بعد قومی صدر جے پی نڈا نے مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھر کے نام کا اعلان این ڈی اے کے نائب صدر کے امیدوار کے طور پر کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں شرکت کی۔ اس سے قبل مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھڑ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی تھی۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ نائب صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ 6 اگست کو ہوگی۔ امیدوار 19 جولائی تک اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر سکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 جولائی کو ہوگی جبکہ امیدوار 22 جولائی تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ نائب صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ 6 اگست کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔ پولنگ ختم ہونے کے بعد انتخابات کے نتائج کا اعلان بھی اسی دن کیا جائے گا۔
جے ڈی یو نے بھی نائب صدر کے عہدے کے لیے جگدیپ دھنکھر کی امیدواری کی حمایت کی ہے۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھر کی این ڈی اے کے نائب صدر کے امیدوار کے طور پر نامزدگی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جے ڈی یو کے قومی صدر للن سنگھ نے نائب صدر کے انتخاب میں جگدیپ دھنکھر کو این ڈی اے کا امیدوار بنانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارکباد دی۔ بہار کے سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی نے بھی جگدیپ دھنکھر کے امیدواری کے اعلان کی حمایت کی ہے۔