Tuesday, November 26, 2024

پٹنہ ہائی کورٹ نے آپریشن بلڈوزر پر لگادی روک، ڈی ایم کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت

(تر ہت نیوز ڈیسک)
پٹنہ ہائی کورٹ نے راجیو نگر کے نیپالی نگر میں جاری ضلع انتظامیہ کی کارروائی پر روک لگا دی ہے۔ اس معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے عدالت نے پٹنہ کے ڈی ایم کو 15 منٹ کے اندر عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔ اس معاملے پر اگلی سماعت 6 جولائی کو ہوگی۔ عدالت نے انتظامیہ کی کارروائی پر دو دنوں کے لئے روک لگا دیا ہے۔ عدالت کے حکم امتناعی کے ساتھ وکلاء راجیو نگر پہنچ گئے ہیں۔

پٹنہ کے راجیو نگر تھانہ علاقے کے تحت واقع نیپالی نگر علاقے میں ہاؤسنگ بورڈ کی 40 ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضے کے حوالے سے جاری ضلعی انتظامیہ کی کارروائی پر عدالت کی طرف سےاگلے دو دنوں تک پابندی لگا دی گئی ہے۔ پیر کی سہ پہر ضلعی انتظامیہ کی کارروائی کو روکنے کے لیے وکیل خود حکم امتناعی لے کر موقع پر پہنچے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مکانات گرانے کا کام روک دیا ہے۔ 6 جولائی کو ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت تک ضلع انتظامیہ نیپالی نگر میں کوئی کارروائی نہیں کر سکے گی۔

بتا دیں کہ راجیو نگر میں واقع نیپالی نگر میں گزشتہ دو دنوں سے غیر قانونی طور پر بنائے گئے مکانات کو گرانے کا کام جاری تھا۔ اس دوران زبردست ہنگامہ ہوا۔ ضلع انتظامیہ نے نیپالی نگر میں 40 ایکڑ اراضی پر بنائے گئے مکانات کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ اتوار کی صبح سے ہی انتظامیہ کی ٹیم مکانات کو مسمار کرنے میں مصروف تھی۔ اس دوران انتظامیہ کی ٹیم کو لوگوں کی شدید مخالفت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ضلع انتظامیہ نے آج نیپالی نگر میں دفعہ 144 نافذ کر دی تھی اور مکانات کو مسمار کرنے کا کام جاری تھا۔ اس دوران ہائی کورٹ نے انتظامیہ کی کارروائی پر روک لگاتے ہوئے پٹنہ کے ڈی ایم کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت جاری کی۔ فی الحال ہائی کورٹ کی ہدایت پر نیپالی نگر میں مکانات کو گرانے کا کام روک دیا گیا ہے۔ بتادیں کہ انتظامیہ نے کئی لوگوں کے خلاف سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک 26 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

Related Articles

Stay Connected

7,268FansLike
10FollowersFollow

Latest Articles