(تر ہت نیوز ڈیسک)
بہار کے محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہار حکومت یوکرین میں مقیم بہار کے باشندوں کو واپس لانے کی کوشش کر رہی ہے اور بہار کے مقامی کمشنر وزارت خارجہ کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
حکومت نے مطلع کیا ہے کہ یوکرین میں جاری بحران کے پیش نظر بہار حکومت وہاں رہنے والے اپنے تمام باشندوں کو واپس لانے کی تمام کوششیں کر رہی ہے۔ بہار کی مقامی کمشنر شریمتی پالکا ساہنی وزارت خارجہ کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور تمام ضروری انتظامات کئے جا رہے ہیں۔مقامی کمشنر شریمتی پالکا ساہنی نے کہا کہ روس کی طرف سے یوکرین پر خصوصی فوجی آپریشن کے پیش نظر وہاں کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ہدایت پر بہار کے رہنے والوں کو گھر پہنچانے کی ہر طرح کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزارت خارجہ کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور آج بھی ان سے رابطہ کیا گیا ہے۔ بہار کے مقامی کمشنر نے طلباء اور ان کے والدین سمیت بہار کے تمام باشندوں کو یقین دلایا ہے کہ بہار حکومت یوکرین میں رہنے والے لوگوں کی حفاظت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔