بہار میں شراب پر پابندی کے درمیان راشٹریہ جنتا دل نے آج قانون ساز کونسل میں پولس کی کارروائی اور زہریلے شراب کی وجہ سے مسلسل اموات کو لے کر مظاہرہ کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی قیادت میں آر جے ڈی کے ایم ایل سی نے کارروائی شروع ہونے سے پہلے ایوان کے پورٹیکو میں مظاہرہ کیا۔
رابڑی دیوی نے الزام لگایا ہے کہ بہار میں شراب بندی کا قانون محض دھوکہ دہی بن کر رہ گیا ہے اور شراب مافیا پولس کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ بہار قانون ساز کونسل کی کارروائی شروع ہونے کے بعد ایوان کے اندر بھی اس معاملے پر ہنگامہ ہوا۔ قانون ساز کونسل کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن ارکان اپنی جگہ پر کھڑے ہو گئے اور اسمبلی احاطے میں شراب کی بوتل ملنے کا معاملہ اٹھایا۔
دوسری طرف رابڑی دیوی نے مظفر پور آنکھ واقعہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا- اس حکومت میں کوئی محفوظ نہیں، اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ آخر کس کے کہنے پر یہ کیمپ لگایا گیا۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ وزیر صحت کو اس کا علم نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مظفر پور میں آنکھ کے موتیابند کے مفت آپریشن کے لئے کیمپ لگایا گیا تھا جسمیں 25 افراد کی آنکھوں کا آپریشن ہوا جس میں 24 افراد کی آنکھیں ہمیشہ کے لئے خراب ہو گئیں۔