(ترہت نیوزڈیسک)
بہار کے 3566 اسکولوں کے پرنسپلوں نے طلباء کی حاضری کے بارے میں محکمہ تعلیم کو معلومات نہیں دی ہیں۔ جبکہ ہر روز طلباء کی حاضری کو یقینی بنانا ان پر لازم ہے۔ ویسے اسکول جنہوں نے طلبا کی حاضری کی جانکاری محکمہ تعلیم کو نہیں دی ہے ان اسکولوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کے سینئر سکریٹری کے کے پاٹھک کے حکم کے بعد محکمہ نے تمام ضلعی تعلیمی دفاتر سے کہا تھا کہ وہ ایسے اسکولوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں جہاں سے طلبہ کی حاضری باقاعدگی سے نہیں دی جارہی ہے۔
پٹنہ ضلع کی بات کریں تو ایسے 150 اسکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ پرنسپلز کو ایک فارمیٹ دیا گیا ہے۔ اسے ہر روز بھر کر اسکولوں کو دینا پڑتا ہے۔ لیکن ریاست کے سیکڑوں اسکول اس اصول پر عمل نہیں کررہے ہیں۔ تمام اسکولوں سے باقاعدہ حاضری پر عمل نہ کرنے کی وجہ پوچھی گئی ہے۔
تقریباً تمام اضلاع میں ایسے اسکول پائے گئے ہیں جن اسکولوں سے حاضری کی جانکاری محکمہ کو صحیح طورپر نہیں مل پائی ہے۔ ان اسکولوں کو ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔ اس دوران اسکولوں کو پچھلی حاضری کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔